علی گڑھ: 7/اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے وائس چانسلر لیفٹیننٹ جنرل ضمیر الدین شاہ(ریٹائرڈ) اور ان کی اہلیہ محترمہ صبیحہ سیمی شاہ نے حال ہی میں سفینہ اپارٹمنٹس میں اقتصادی طور پر کمزور خاندانوں کے بچوں کی فلاح کے لئے ”امید ایجوکیشن اینڈ ویلفیئر سوسائٹی“ کو یونیورسٹی کے ذریعہ عطیہ کئے گئے کمپیوٹر سینٹر کا افتتاح کیا۔اس موقعہ پر لیفٹیننٹ جنرل ضمیر الدین شاہ نے بچوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس کمپیوٹر سینٹر کے توسط سے اپنے فروغ کا خود حصہ بن سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا دور ہے اور ہمیں ایسے حالات میں اپنے فروغ کے لئے کمپیوٹر کا علم حاصل کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ وائس چانسلر نے ”امید“ تنظیم کے اراکین کو مبارکباد پیش کرتے ہو ئے سماجی خدمات کے میدان میں ان کی کارکردگی کو سراہا۔پروگرام کے دوران وائس چانسلر نے فردوس نگر میں واقع ایک سرکاری اسکول میں تعلیم میں بہترین مظاہرہ کرنے والے طلبأ کے علاوہ فردوس نگر میں ”امید“ تنظیم کے مرکز کا آغاز کرنے والے اے ایم یو طلبأ ناصر اور شاداب کو سرٹیفکیٹ سے سرفراز کیا۔اس کے بعد وائس چانسلر نے ”اسکول آن وہیلس“ نامی ایک گاڑی کا بھی افتتاح کیا جو اے ایم یو کے ایک سابق طالب علم نے غریب بچوں کی تعلیم کے لئے مہیا کرائی ہے۔ یہ گاڑی پسماندہ علاقوں میں ملٹی میڈیا کے توسط سے بچوں کو تعلیم مہیا کرائے گی۔سینئر صلاح کار اور معالج ڈاکٹرمحسن رضانے اے ایم یوکے وائس چانسلراورانتظامیہ کا ان کے تعاون کے لئے شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کمپیوٹر سینٹر کے قیام کے لئے کمپیوٹر سینٹر کے ڈائرکٹرپروفیسر پرویز، شعبہئ حیوانیات کے سربراہ پروفیسر وسیم احمد اور افسر رابطہئ عامّہ مسٹر عمر سلیم پیرزادہ کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔”امید“ تنظیم کے ڈپٹی ڈائرکٹر مسٹر سعد حمید نے بتایا کہ اس نو قائم شدہ کمپیوٹر سینٹر میں علی گڑھ کے مختلف پسماندہ علاقوں کے بچوں کو کمپیوٹر کی تعلیم مہیا کرائی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ ان طلبأ کو کمپیوٹر کے علاوہ تعلیم سے وابستہ دیگر اہم امور سے بھی روشناس کرایا جائے گا۔اس موقعہ پر اے ایم یو کے احمدی اسکول فار دا ویژوئلی چیلینجڈ اسکول کی پرنسپل محترمہ فردوس رحمن، سوشل ورک شعبہ کے سربراہ ڈاکٹر نسیم احمد خاں اور سابق طالب علم مسٹر حسن کمال کے علاوہ سفینہ سوسائٹی کے ڈائرکٹر ڈاکٹر عمار اور مسٹر ندیم موجودتھے۔